ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیالدہ اجمیر ٹرین حادثہ کی شکار:15ڈبے پٹری سے اترگئے، 62مسافر زخمی

سیالدہ اجمیر ٹرین حادثہ کی شکار:15ڈبے پٹری سے اترگئے، 62مسافر زخمی

Thu, 29 Dec 2016 04:16:28    S.O. News Service

کانپور 28/دسمبر(آئی این ایس انڈیا/ ایس او نیوز) کانپور دیہات کے رورا ریلوے اسٹیشن کے قریب آج صبح سیالدہ اجمیر ایکسپریس ٹرین(12987)کے 15ڈبے پٹری سے اترگئے۔اس حادثے میں 62افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے اور کسی بھی موت سے انکارکیاہے۔کانپور کے میڈیکل کالج کے ہیلٹ ہسپتال میں بھرتی ایک چھ سال کی بچی شرییا کی حالت بہت نازک بنی ہوئی ہے جس کے سر میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔

اس درمیان اس حادثے کی تحقیقات کا ذمہ کمشنر آف ریلوے سیفٹی شمالی ژون شیلیش کمارپاٹھک کوسونپاگیاہے جوتحقیقات کا کام 30اور 31دسمبر کو کانپور مرکزی ریلوے اسٹیشن پر کریں گے۔آئی جی ذکی احمد نے پہلے بتایا تھا کہ دو سنگین زخمیوں کی موت ہو گئی ہے لیکن شمالی وسطی ریلوے کے جی ایم ارون سکسینہ نے بات چیت میں کہا کہ ان کی میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر ہے اور ان کے پاس ابھی تک کسی کی بھی موت کی کوئی خبر نہیں ہے۔کانپور کے چیف میڈیکل انچارج ڈاکٹر رامائن پرساد نے بھی ٹرین حادثے میں کسی کی موت سے انکارکیاہے۔42زخمیوں کا علاج کانپور دیہات کے ماتی ضلع ہسپتال میں چل رہا ہے، جبکہ 20شدید زخمی کانپور میڈیکل کالج کے ہیلٹ ہسپتال میں بھرتی ہے۔

شمالی وسطی ریلوے کے افسر تعلقات عامہ امت مالویہ نے بتایا کہ آج صبح تقریباََ 5.30بجے سیالدہ اجمیر ایکسپریس ٹرین کے سلیپر کوچ کے 13ڈبے اور جنرل کلاس کے دو ڈبے پٹری سے اترگئے۔ان میں سے دو کین ایک نہر میں بھی گر گئے ہیں لیکن چونکہ نہر میں پانی بہت کم تھا اس لئے کوئی بھی بڑا حادثہ نہیں ہوا۔سلیپر کلاس کا ایک باکس نہر میں گر گیا تھا جبکہ ایک باکس پٹری سے نیچے لٹک رہاتھا۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا پتہ ابھی تک نہیں چل سکاہے۔انجن کے بعدکے چھٹے کین سے 20ویں کین تک کے کوچ پٹری سے اترے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ماہ پہلے20نومبر کو کانپور دیہات کے پکھرایا ریلوے اسٹیشن کے قریب اندور پٹنہ ایکسپریس(19321)کے 14ڈبے پٹری سے اترگئے تھے۔اس حادثے میں 150مسافروں کی موت ہو گئی تھی اور تقریباََ200مسافر زخمی ہو گئے تھے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ پربھاکر چودھری کے مطابق ٹرین سے تمام مسافروں کو نکال لیاگیاہے اور محفوظ بچے مسافروں کو کانپور ریلوے اسٹیشن بس کی طرف سے پہنچایا جا رہا ہے۔محکمہ صحت کی 14ایمبولینس نے موقع سے زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کا کام کیا۔جی ایس اوای یم میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نونیت کمار کے مطابق ہیلٹ ہسپتال میں بھرتی تمام سنگین مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ایک چھ سال کی بچی شرییا کی حالت کافی سنگین بنی ہوئی ہے اس کے سر میں شدید چوٹ آئی ہوئی ہے۔رورا اسٹیشن کے قریب صبح تقریباََ ساڑھے پانچ بجے ہوئے اس حادثے کے بعد ٹرین میں مسافروں میں چیخ پکار مچ گئی. حادثے کے بعد آنا فانا میں رورا ریلوے اسٹیشن کے ملازم پہنچ گئے اور امدادی دفاع کا کام جلد شروع ہو گیا۔مالویہ کے مطابق کانپور اور ٹنڈلا اسٹیشنوں سے راحت اور بچاؤکیلئے ٹرینیں پہنچ گئی ہیں اور ٹرین کے باقی مسافروں کو کانپور اسٹیشن لانے کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے اور تمام مسافروں کو ان کے گھروں یا جہاں وہ جانے والے تھے وہاں بھیجا دیا گیا ہے۔ریلوے کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ٹرین حادثے کی وجہ دہلی ہاوڑہ روٹ پر ٹریفک روک دی گئی ہے اور تقریباََ ایک درجن ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق پٹری پر سے کمپارٹمنٹ کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ کل صبح تک دہلی ہاوڑہ ریل راستے پر ٹریفک دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔


اکھلیش یادونے کیا ریل حادثے میں زخمی افراد کے لیے اقتصادی مدد کا اعلان
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے آج کانپور کے پاس ہوئے ریل حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید زخمی مسافروں کو 50ہزار روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو 25ہزار روپے بطور امداد دینے کا اعلان کیا۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے اس بارے میں بتاتے ہوئے یہاں کہا کہ وزیر اعلی نے ٹرین حادثے میں زخمی مسافروں کے جلد صحت مند ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے حکام کو زخمی مسافروں کے علاج کا مکمل بندوبست کرنے کی ہدایت دی ہے۔اکھلیش نے آگاہ کیا ہے کہ زخمی مسافروں کے علاج میں کسی طرح کی لاپرواہی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے حکام کو ریلوے انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔واضح رہے کہ آج کانپور کے قریب رورا اسٹیشن کے قریب سیالدہ-اجمیر ایکسپریس کے 15ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ریلوے کے مطابق حادثے میں 52افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، وہیں، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ معمولی طور پر زخمی تقریبا 65مسافروں کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتا ل سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔قابل ذکرہے کہ اس ریل روٹ پر گزشتہ تقریبا پانچ ہفتے میں یہ دوسرا حادثہ ہے،پچھلا حادثہ 20/نومبر کو پکھرایاں میں ہوا تھا، جس میں 150سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے اور تقریبا 200زخمی ہوئے تھے۔
 


Share: